متعلقہ ٹائمنگ

لاجک سرکٹس کی جانچ میں بعض اوقات دو یا زائد سگنلز کی متعلقہ (Relative) ٹائمنگ معلوم کرنا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔مثال کے طور پر کمپیوٹر کی پیرلل پورٹ پر سگنلز کی ٹائمنگ، ڈیٹا کی درست ترسیل کے لئے بے حد ضروری ہے۔اس کی عمومی ترتیب میں آٹھ پیرلل ڈیٹا لائنز اور ایک سٹروب آئوٹ پٹ شامل ہوتی ہے۔جب بھی ڈیٹا لائنز پر نیا ڈیٹا آتاہے، سٹروب آئوٹ پٹ پر مختصر سا منفی پلس پیدا ہوتا ہے۔یہ پلس (سٹروب) موصول کرنے والے آلے کو بتاتا ہے کہ نیا ڈیٹا موجود ہے اور اس کے لئے ضروری عمل کیا جائے۔ اس کے بعد موصول کرنے والے آلے سے ایک ”ہینڈ شیک“ آئوٹ پٹ، کمپیوٹر کی پیرلل پورٹ کی متعلقہ ان پٹ پن سے منسلک ہو جاتی ہے۔ یہ ڈیٹا کی درست اور مسلسل ترسیل کے لئے ضروری ہوتی ہے تاکہ کمپیوٹر، موصول کرنے والے آلے کی استعداد سے زیادہ رفتار پر ڈیٹا منتقل نہ کرے۔

روایتی بندوبست میں، جب ڈیٹا کی نئی بائیٹ وصول ہو جاتی ہے تو ہینڈ شیک آئوٹ پٹ ہائی ہو جاتی ہے۔ نیا ڈیٹا آنے پر یہ پھر لو ہو جاتی ہے۔سینٹرونکس (Centronics) نوعیت کی پرنٹر پورٹ کی ”بزی“ (Busy) لائن، ہینڈ شیک لائن ہی کی ایک مثال ہے۔متبادل ہینڈ شیک لائن کی ایک قسم وہ ہے جس میں ہینڈ شیک آئوٹ پٹ عام حالت میں ہائی رہتی ہے ۔ ہر مرتبہ جب ڈیٹا بائٹ موصول ہو جاتی ہے یہ لو ہوکر پھر ہائی ہو جاتی ہے، یعنی ایک لو پلس پیدا کرتی ہے۔یہ لو پلس بھیجنے والے آلے کو یہ بتاتی ہے کہ نئی ڈیٹا بائیٹ بھیج دو۔ سینٹرونکس (Centronics) نوعیت کی پرنٹر پورٹ کی ”ایکنالج“ (Acknowledge) لائن، ہینڈ شیک لائن کی اس قسم کی ایک مثال ہے۔ ہینڈ شیکنگ کی یہ دو مقبول اقسام ہیں اور قدرے تبدیلیوں کے ساتھ مختلف آلات میں استعمال کی جاتی ہیں۔

متعلقہ ٹائمنگ کی جانچ کے لئے ڈوئل ٹریس نوعیت کی آسیلو سکوپ سے بہتر کوئی دوسرا آلہ نہیں۔اگر آپ کا زیادہ تر کا م لاجک سرکٹس پر مشتمل ہوتا ہے تو تین یا زائد چینل کی آسیلو سکوپ بے حد مفید رہے گی۔درحقیقت ہرسگنل کی پیمائش کے لئے آپ کو الگ چینل درکار نہیں ہوگا تاہم اگر ایسا ہو جائے تو کام میں تیزی اور آسانی ضرور پیدا ہو جائے گی۔ یہ فرض کرتے ہوئے کہ آپ کے پاس دو چینل دستیاب ہیں،چنیل 1 کی ان پٹ سے زیر جانچ سگنلز میں سے بنیادی سگنل منسلک کیا جائے گا۔پیچھے دی گئی پیرلل پورٹ والی مثال میں سٹروب سگنل اہمیت کا حامل ہے، بقیہ تمام کا دورانیہ اس پلس سے متعلق ہوگا۔چنانچہ ایسی صورت میں سٹروب سگنل کو چینل 1 کی ان پٹ سے جوڑا جائے گا۔دوسری لائنز کو باری باری دوسرے چینل سے جوڑا جائے گا تاکہ ان کی ٹائمنگ کو سٹروب سگنل کی مناسبت سے (یعنی اس کے تعلق سے)جانچا جا سکے۔ہینڈ شیک لائن کو جانچتے وقت حاصل ہونے والے نتائج کم و بیش شکل نمبر2-23 میں دکھائی گئی ٹریس سے مشابہ ہوں گے۔ڈیٹا شیٹس وغیرہ میں دی گئی ٹائمنگ ڈایا گرامز اس حوالے سے جانچ کے عمل اور موازنے

کے لئے بے حد مفید ثابت ہوتی ہیں۔اگر عملی طور پر سگنل میں بہت زیادہ نائز مل رہی ہو تو حیران ہونے کی ضروت نہیں، سگنل کی ایک حالت سے دوسری حالت میں تبدیلی بہت واضح لیکن بہت مختصر ہوگی۔سنگل ٹریس آسیلو سکوپ کی مدد سے بھی دوسگنلز کی متعلقہ ٹائمنگ ناپی جا سکتی ہے لیکن اس کے لئے بیرونی ٹرگر آسیلو سکوپ ضروری ہے۔اس کا بنیادی طریقہ یوں ہے کہ مرکزی سگنل سے سویپ جنریٹر کو ٹرگر کیا جائے اور دوسرا سگنل Y ان پٹ پر فراہم کیا جائے۔اوپر دی ہوئی پیرلل پورٹ کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے، ٹرگر ان پٹ میں سٹروب سگنل دیا جائے گا جسے منفی سرے (نیگیٹو ایج) کی ٹرگرنگ پر متعین کیا جائے گا یعنی اس ان پٹ کو منفی سٹروب سگنل کے بڑھتے ہوئے سرے سے ٹرگر کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر سٹروب پلس کو وائی ان پٹ سے جوڑیں تاکہ اس کا دورانیہ اور وولٹیج لیول معلوم کئے جا سکیں۔

اگر آپ کو یہ معلوم ہے کہ لاجک سرکٹ کے کس مقام پر کون سا سگنل موجود ہوگا تو آسیلو سکوپ کی مدد سے آپ اس سگنل کی واقعی موجودگی جانچ سکتے ہیں۔ایسی صورت میں کسی بھی قسم کی خرابی بہت واضح ہو جائے گی۔اگر درستگی سے سگنل کی نوعیت کا علم نہ ہو یا آپ کم تجربے کے باعث اس میں مشکل سمجھتے ہوں تب بھی محض درست لاجک لیولز دیکھ کر کسی بھی لاجک سرکٹ کی کارکردگی کو جانچا جا سکتا ہے اور نقص کی صورت میں آسیلو سکوپ واضح نشاندہی کر سکتی ہے۔