لیزاجوس اشکال

اگر آپ کی آسیلو سکوپ میں X ان پٹ موجود ہے تو کچھ لیزاجوس اشکال کو اس کی سکرین پر دیکھنے کی کوشش کرنا کافی دلچسپ ثابت ہو سکتا ہے۔یہ عمومی جانچ پڑتال کے لئے تو کچھ خاص مفید نہیں ہیں لیکن ان پر تجربہ کرنا خاصا دلچسپ ہو سکتا ہے، جانچ پڑتال کے لئے نہ سہی محض دلچسپی اور تفریح کے لئے ہی سہی۔اگر آپ صرف ایک ہی سگنل، ایکس اور وائی دونوں ان پٹس سے منسلک کریں تو آپ دیکھیں گے کہ سکرین پر ایک وتری لکیر نظر آرہی ہے جو سکرین کے نچلے بائیں کونے سے شروع ہو کر بالائی دائیں

کونے تک جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی بھی وولٹیج جو روشن نقطے کو سکرین کے ایکس رخ پر حرکت دے رہے ہیں وہی وائی رخ پر بھی اسے حرکت دے رہے ہیں جس کی وجہ سے وتری لکیر نظر آ رہی ہے۔یہ فرض کرتے ہوئے کہ ایکس اور وائی ان پٹ کی حساسیت برابر ہے، اس طرح بننے والی لکیر 45 درجے کے زاویہ پر ہوگی۔ایکس اور وائی ان پٹ حساسیت کے مابین کوئی بھی فرق اس زاویہ کو تبدیل کر دے گا۔وائی سگنل کی متعلقہ ڈیفلیکشن جتنی زیادہ ہوگی، نظر آنے والی لائن اتنی ہی جھکی ہوئی ہوگی۔

اگر مذکورہ دونوں ان پٹس پر دیا گیا سگنل، فیز میں ایک دوسرے سے 180 درجے کے فرق سے ہوگا تو اس صورت میں بھی ایک سیدھی وتری لکیر حاصل ہوگی۔ اس صورت میں فرق صرف یہ ہوگا کہ اس لکیر کا رخ پہلی لکیر کے رخ کی نسبت الٹ ہوگا۔ یہ نچلے دائیں کونے سے بالائی بائیں کونے تک نظر آئے گی۔شکل نمبر 2-19 میں صفر اور 180 درجے کے فیز ڈفرینس سے حاصل ہونے والی ٹریس دکھائی گئی ہے۔واضح رہے کہ کسی بھی دوسری نوعیت کی ٹریس حاصل کرنے کی طرح یہاں بھی آسیلو سکوپ کے

ایکس وائی پوزیشن کنٹرول اور حساسیت کنٹرول کو متعین کر کے سکرین پر لکیر کا سائز اور مقام متعین کرنا پڑے گا۔

معیاری لیزا جوس شکل بنانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ سکرین پر ایک دائرہ ظاہر کیا جائے۔ اس مقصد کے لئے دو سائن ویو سگنل، جن کا فیز ایک دوسرے سے 180 درجے کے فرق سے ہو، آسیلو سکوپ کی ایکس اور وائی ان پٹ پر فراہم کئے جاتے ہیں۔اس طرح حاصل ہونے والی ٹریس شکل نمبر2-20 میں دکھائی گئی ہے۔یہاں پر بھی یہ فرض کیا گیا ہے کہ ایکس اور وائی ان پٹ کی حساسیت برابر ہے نیز ان پٹ سگنلز کا لیول بھی ایک جیسا ہے۔ دونوں سگنلز میں کوئی بھی فرق، دائرے کی گولائی پر اثر انداز ہوگا۔ جس ان پٹ پر سگنل میں فرق ہوگا اس سے بننے والی ٹریس کی گولائی، بیضوی شکل کی ہو جائے گی۔ آسیلو سکوپ کے ایکس وائی پوزیشن کنٹرول اور حساسیت کنٹرول کو متعین کر کے سکرین پردائرے کی شکل، سائز اور مقام متعین کرنے کی کوشش کریں۔یہ تجربہ کرنے کے لئے آپ کو فیز شفٹ نیٹ ورک کی ضرورت پڑے گی۔یہ نیٹ ورک بہت سادہ ہوتا ہے جس میں تین رزسٹر کپیسٹر ، شکل نمبر 2-21 میں دکھائے گئے سرکٹ کے مطابق جوڑے جاتے ہیں۔اس نیٹ ورک سے آپ چند ہرٹز سے چند کلو ہرٹز تک کی فریکوئنسی کے سگنلز گزار سکتے ہیں۔دائرہ بنانے کے لئے آپ کو لگ بھگ 200Hz کا سائن ویو سگنل درکار ہوگا۔اگر آپ کے پاس سگنل بیم آسیلو سکوپ ہے تو اس طریقے سے آپ فیز ڈفرینس کی پیمائش کر سکتے ہیں۔اگرچہ عملی طور پر حقیقی اور درست ترین نتائج حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے تاہم آپ کم از کم دو ان پٹ سگنلز کے مابین فیز میں فرق کا اندازہ ضرور لگا سکتے ہیں۔

لیزا جوس اشکال کے طریقے سے ڈسٹارشن ظاہر کرنا بھی ممکن ہے۔دو ایک جیسے ان پٹ سگنلز سے حاصل ہونے والی ٹریس سیدھی وتری لکیر کی صورت میں ہوگی۔ کسی بھی قسم کی ڈسٹارشن اس لکیر پر خم ڈال دے گی۔ مثال کے طور پر شکل نمبر 2-22 میں دکھائی گئی ٹریس اس صورت میں حاصل ہوگی جب سگنل میں معمولی سی لیکن ایک جیسی ڈسٹارشن موجود ہوگی۔