لاجک ٹیسٹنگ

لاجک ٹیسٹنگ کے لئے آسیلوسکوپ بہت مفید آلہ ہے۔مسئلہ صرف یہ پیدا ہوتا ہے کہ کچھ لاجک سرکٹس میں سگنل کی فریکوئنسی بہت زیادہ ہوتی ہے یا پھر سگنل (کی ایک سائیکل) کا دورانیہ بہت کم ہوتا ہے۔جب تک آپ کے پاس بہت عمدہ اور بلند خصوصیات کی آسیلوسکوپ نہیں ہوگی آپ اس نوعیت کے سگنل ڈی ٹیکٹ نہیں کر پائیں گے۔تاہم یہ کوئی بہت بڑا مسئلہ نہیں ہے کیونکہ اکثر لاجک سرکٹس ایسی فریکوئنسی پر کام کرتے ہیں جو 20MHz رینج میں آ جاتی ہے۔
لاجک ٹیسٹنگ کے لئے آسیلو سکوپ کو ڈی سی کپلنگ کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ ٹیسٹ سرکٹ میں وولٹیج لیول کی پیمائش کی جا سکے۔اس طرح آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ سرکٹ کے سٹیٹک مقامات پر وولٹیج درست ہیں نیز ڈائنامک مقامات پر سگنل کی سوئچنگ درست وولٹیج لیول پر ہو رہی ہے۔سرکٹ کے ڈائنامک مقامات پر سگنلز کی جانچ کے وقت اپنی آسیلو سکوپ کی خصوصیات کی حدود کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔بہت زیادہ رفتار(فریکوئنسی) والے سگنلزپر یہ نقص سامنے آسکتا ہے کہ شاید سرکٹ لاجک 1 اور لاجک

0 کے درمیان درست سوئچنگ نہیں کر رہا جبکہ دراصل آسیلو سکوپ بذات خود اس تیر رفتار سوئچنگ کو درست طریقے سے دکھانے کی خصوصیت نہیں رکھتی۔
درست لاجک وولٹیج کیا ہیں، اس کا انحصار لاجک فیملی اور سپلائی وولٹیج پر ہوتا ہے۔سی موس آئی سیز کے لئے وولٹیج کی کوئی ایک قدر بتانا ممکن نہیں ہے کیونکہ یہ 3V سے 18V کی وسیع حدود پر کام کر سکتے ہیں۔کسی ایک سپلائی وولٹیج پر متعین کردہ لاجک صفرکی وولٹیج حد، ممکن ہے کہ کم سپلائی پر لاجک ایک کے طور پر متعین کی گئی ہو۔بہر حال عام طور پر لاجک صفر لیول، سپلائی وولٹیج کی صفر سے 30% فیصد حد کے اندر ہی ہوتا ہے جبکہ لاجک ایک لیول، سپلائی وولٹیج کی 70% سے 100% حد

کے اندر ہوتا ہے۔مثال کے طور پر پانچ وولٹ سپلائی پر لاجک صفر پر متعین کی گئی آئوٹ پٹ 0V سے 1.5V کے مابین ہوگی جبکہ لاجک ایک پر متعین کردہ آئوٹ پٹ پر 3.5V سے 5V تک کا لیول ہوگا۔
زیادہ تر سی موس آئوٹ پٹس میں،جو سٹیٹک ہوں یا کم فریکوئنسی پر سوئچنگ کر رہی ہوں، آپ دیکھیں گے کہ دونوں لاجک لیول کم و بیش سپلائی پوٹینشل کے برابر ہوں گے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ سی موس لاجک آئی سیز میں کمپلی مینٹری آئوٹ پٹ سٹیج استعمال کی جاتی ہے جو بہت زیادہ لوڈ رزسٹینس فراہم کرتی ہیں۔اگر آئوٹ پٹ زیادہ رفتار سے سوئچنگ کر رہی ہو یا لوڈ میں کوئی ایسی چیز لگی ہوئی ہو جو زیادہ کرنٹ خرچ کر رہی ہو( مثال کے طور پر کوئی ایل ای ڈی) تو صورت حال مختلف ہو جاتی ہے۔ایسی صورت میں کسی ایک یا

دونوں سپلائی پوٹینشل پر سگنل خاصی حد تک کم ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں احتیاط سے وولٹیج کی پیمائش کر کے یہ تعین کیا جا سکتا ہے کہ آؤٹ پٹ پر قابل قبول حد میں وولٹیج موجود ہیں۔
ٹی ٹی ایل نوعیت کے اجزاءعام طور پر 5V سپلائی پر کام کرتے ہیں۔کچھ ٹی ٹی ایل لاجک فیملی کے آئی سیز (مثلاً 74HC**) دوسرے سپلائی وولٹیج پر بھی کام کرتے ہیںتاہم عملی طور پر 5V کے علاوہ کوئی دوسری سپلائی کم بلکہ نہ ہونے کے برابر ہی نظر آتی ہے۔یہ فرض کرتے ہوئے کہ 5V کی سپلائی استعمال ہوئی ہے، لاجک صفر پر آئوٹ پٹ 0V سے 0.8V تک ہوگی جبکہ لاجک ایک پر 2V سے 5V تک ۔ٹی ٹی ایل لاجک لیول پر کم و بیش یہی آئوٹ پٹ وولٹیج نظر آئیں گے۔