گراؤنڈ، سگنل گراؤنڈ اور ارتھ کے مابین فرق



گراؤنڈ سگنل گراؤنڈ ارتھ گراؤنڈ

اگرچہ یہ تینوں نشانات (سمبلز) ایسے کنکشن کی نمائندگی کرتے ہیں جو ایک ہی مقام پر واقع ہو اور وہ مقام صفر وولٹیج کا حامل ہو۔ تاہم ان تینوں کا مقصد مختلف ہوتا ہے۔

گراؤنڈ یا چیسس گراؤنڈ اس ڈبے یا فریم کو کہتے ہیں جس میں کوئی سرکٹ تیار کیا جاتا ہے۔ مثالی طور یہ ایک ایسا گراؤنڈ ہوتا ہے جو استعمال کنندہ اور اس کے اندر موجود سرکٹ کے درمیان ایک رکاوٹ کا کام کرتا ہے تاکہ برقی صدمے سے حفاظت مہیا کرے یا بیرونی برقی مداخلت(انٹرفیرینس) یا تابکاری (کسی بھی نوعیت کی برقی لہریں) سے حفاظت فراہم کرے۔چند ہائی کرنٹ اطلاقات میں یہ گراؤنڈ ایسے موصل (کنڈکٹر) کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جس میں سے کرنٹ گزر رہا ہو۔ مثال کے طور پر گاڑی میں جہاں برقی کنکشن کرنے کے لئے موٹی موٹی متعدد تاریں بیٹری سے گاڑی کے مختلف آلات تک استعمال کی جاتی ہیں۔بیٹری کے دو ٹرمینل، مثبت اور منفی ہوتے ہیں۔ مثبت ٹرمینل سے تاریں جوڑی جاتی ہیں جبکہ منفی ٹرمینل کو گاڑی کی دھاتی باڈی سے منسلک کر دیا جاتا ہے جو تاروں کی جگہ استعمال ہوتی ہے۔ یوں منفی کنکشن مشترک ہو جاتا ہے جسے گراؤنڈیا چیسس گراؤنڈ کہا جاتا ہے۔

سگنل گراؤنڈ ایسا حوالہ جاتی مقام ہوتا ہے جہاں پر سگنل کی پیمائش کی جاتی ہو۔ جب کرنٹ کسی سرکٹ سے گزرتی ہے تو سرکٹ کے مختلف مقامات پر مختلف قدر کا وولٹیج ڈراپ واقع ہوتا ہے۔ کچھ گراؤنڈ مقامات دوسروں کی نسبت قدرے مختلف ہوتے ہیں۔ کسی ایک سرکٹ میں متعدد سگنل گراؤنڈز موجود ہو سکتے ہیں۔ فرض کریں کہ ایک ایمپلی فائر کا وولٹیج گین 100 ہے اور یہ بہت خفیف سگنل کو ایمپلی فائی کر رہا ہے۔اگر سگنل کی گراؤنڈ کو محض 0V01 حد تک بڑھایا جائے تو آؤٹ پٹ سگنل 1V0 تک غلط ہو جائے گا۔ مثالی طور پر سگنل گراؤنڈ ایسا کنکشن ہو گا جو سرکٹ کے اسی درجے (Stage)سے منسلک ہو جس میں سگنل کو منسلک کیاگیا تھا۔

ارتھ یا ارتھ گراؤنڈ نظریاتی طور پر برقی اعتبار سے صفر ہوتا ہے۔ یہ انتہائی موصل زمین کا پوٹینشل ہوتا ہے لیکن یہ جگہ اور مقام کے اعتبار سے تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ چٹانی پہاڑوں پر خشک موسم میں بہت کمزور ارتھ ہوتا ہے جبکہ مرطوب موسم میں یہ اتنا کمزور نہیں ہوتا۔ عام طور پر زمین سے ارتھ کنکشن مین اے سی سپلائی لائن کے ساتھ کیا جاتا ہے جہاں زمین کے اندر ایک دھاتی سلاخ چند فٹ تک دبا دی جاتی ہے اور اسے تاروں کی مدد سے مین اے سی سپلائی لائن تک لایا جاتا ہے۔ اسی طرح ریڈیائی مواصلات میں بھی ائریل یا اینٹینا کے مقابلہ میں یہی ارتھ گراؤنڈبطور صفر حوالہ (زیرو ریفرینس) استعمال کیا جاتا ہے۔

الیکٹرونک آلات میں استعمال کردہ پرزہ جات کو سرکٹ ڈایاگرام کے مطابق باہم جوڑنے کے لئے زیادہ تر پرنٹڈ سرکٹ بورڈ استعمال کئے جاتے ہیں۔ ان میں بھی پاور سپلائی کے منفی ٹرمینل (جسے عام طور پر صفر پوٹینشل ٹرمینل کہا جاتا ہے) کو مشترک رکھا جاتا ہے اور اسی کو گراؤنڈ سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ سرکٹس میں ایسی برقی سپلائی استعمال کی جاتی ہے جس میں مثبت، صفر اور منفی تینوں کنکشن ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں بھی عموما" صفر پوٹینشل والا ٹرمینل مشترک یا گراؤنڈ رکھا جاتا ہے۔ پرنٹڈ سرکٹ بورڈ یا پی سی بی پر ایک یا ایک سے زائد گراؤنڈز کنکشن بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔ چیسس گراؤنڈ یا ارتھ نوعیت کے کنکشن عام طور پر پی سی بی میں نہیں پائے جاتے تاہم بعض صورتوں میں ایک یا ایک سے زائد پی سی بی بڑے چیسس کے حصوں کے طور پر شامل ہو سکتے ہیں جہاں کوئی ایک مشترک ارتھ کنکشن موجود ہوسکتا ہے۔ لیکن ایسا انتہائی مخصوص حالات میں ہوتا ہے۔ پی سی بی پر ایک یا ایک سے زائد گراؤنڈ سطحیں ( لیئرزLayers)موجود ہو سکتی ہیں لیکن یہ یا تو سگنل گراؤنڈز ہوں گی یا برقی قوت کی ترسیلی گراؤنڈز ہوں گی۔