واشنگ مشین موٹر کنٹرولر

(امیر سیف اللہ سیف)

عام طور پر واشنگ مشینوں میں سنگل فیز موٹر استعمال کی جاتی ہے۔ سیمی آٹو میٹک واشنگ مشنیوں میں موجود کنٹرول سوئچ ٹائمر اور موٹر کو الٹا سیدھا چلانے کا انتظام مکمل طور پر میکینیکل نوعیت کا ہوتا ہے۔ چونکہ کہ یہ انتظام میکینیکل نوعیت کا ہوتا ہے چنانچہ کثرت استعمال سے جلد ہی خراب ہو جائا ہے۔

یہاں پر اسی خرابی پر قابو پانے کے لئے الیکٹرونکس کا سہارا لیا گیا ہے۔ زیر نظر سرکٹ واشنگ مشین کی سنگل فیز موٹر کو کنٹرول کرتا ہے۔ سرکٹ ڈایا گرام شکل نمبر 1 میں دکھایا گیا ہے۔ بنیادی طور پر سنگل فیز موٹر کو واشنگ مشین میں کنٹرول کرنے کے لئے ایک ماسٹر ٹائمر کی ضرورت پڑتی ہے جو یہ تعین کرتا ہے کہ موٹر نے کتنی دیر چلنا ہے اور کس رخ پر چلنا ہے۔ عام طور پر ہر دس سیکنڈ کے بعد موٹر تین سیکنڈ کے لئے رکتی ہے اور اس کے بعد الٹے رخ پر دوبارہ چلنے لگتی ہے۔ اگر آپ نے کبھی اپنے سیلنگ فین کا کپیسیٹر تبدیل کرنے کا تجربہ کیا ہے تو یہ بات آپ کے مشاہدے میں آئی ہو گی کہ اگر غلطی سے کپیسیٹر کے کنکشن الٹ لگ جائیں تو پنکھا الٹا چلنے لگتا ہے۔

اس کنٹرولر میں کپیسیٹر کے اسی کردار کو استعمال کیا گیا ہے۔ شکل نمبر 2 میں واشنگ مشین کی موٹر دکھائی گئی ہے۔ اس شکل میں دکھایا گیا ہے کہ اس موٹر کو سیدھا اور الٹا کیسے چلایا جاتا ہے۔ جب واشنگ مشین کی موٹر کی وائنڈنگ L1 ، ریلے سوئچ RLY2 کے ٹرمینل A سے منسلک ہوتی ہے تو اسے مین اے سی سپلائی براہ راست مل رہی ہوتی ہے۔ اس حالت میں موٹر سیدھی چل رہی ہوتی ہے۔ شکل نمبر 2 الف دیکھیں۔ جب موٹر کی وائنڈنگ L2 ریلے سوئچ RLY2 کے ٹرمینل B سے منسلک ہوتی ہے تو اسے مین اے سی سپلائی الٹ حالت میں یعنی فیز شفٹ حالت میں مل رہی ہوتی چنانچہ اس حالت میں موٹر الٹی چل رہی ہوتی ہے۔ شکل نمبر 2 ب دیکھیں۔ اس طرح ریلے سوئچ RLY2 موٹر کے چلنے کے رخ کو کنٹرول کرتا ہے۔


شکل نمبر 1 واشنگ مشین موٹر کنٹرولر کا سرکٹ ڈایا گرام


شکل نمبر 2 واشنگ مشین کی موٹر چلنے کا رخ کنٹرول کرنے کا طریقہ کار

موٹر جب ایک رخ میں چل رہی ہوتی ہے تو اسے فوری طور پر دوسرے رخ میں چلانا ممکن نہیں ہوتا۔ رخ تبدیل کرنے کے لئے اسے چند لمحات کے لئے روکنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ کیا جائے اور اسے فوری طور پر فیز شفٹ حالت میں وولٹیج فراہم کر دئیے جائیں تو موٹر خراب ہو سکتی ہے۔ اس عمل کو ممکن بنانے کے لئے (یعنی موٹر کے دوسرے رخ میں چلنے کے لئے درکار وقفہ مہیا کرنے کے لئے) ٹائمر آئی سی IC2 استعمال کیا گیا ہے۔ یہ آئی سی 555 ہے جو دس دس سیکنڈ کے متبادل (سیدھے اور الٹے) آن وقفے کو اور تین سیکنڈ کے آف وقفے مہیا کرتا ہے۔ چنانچہ ہر دس سیکنڈ سیدھا اور دس سیکنڈ الٹا چلنے کے درمیانی وقفے میں موٹر تین سیکنڈ کے لئے رک جاتی ہے۔رزسٹر R3 اور R4 کی قدریں ان ہی وقفوں کو متعین کرنے کے لئے منتخب کی گئی ہیں۔

ماسٹر ٹائمر کے طور پر ٹائمر آئی سی 555 کو مونو اسٹیبل حالت میں استعمال کیا گیا ہے۔ یہ آئی سی IC1 ہے۔ اس کے آن وقفے کو پری سیٹ پوٹینشو میٹر VR1 کے ذریعے کنٹرول کیا گیا ہے۔ اس پوٹینشو میٹر کے ساتھ سلسلے وار 47K قدر کا رزسٹر R1 استعمال کیا گیا ہے تاکہ جب پوٹینشو میٹر صفر رزسٹینس کی حالت میں ہو تب بھی سیریز رزسٹینس صفر نہ ہونے پائے۔

ماسٹر ٹائمر اس وقت کو متعین کرنے کے لئے ہےجس کے لئے آپ نے واشنگ مشین کو چلانا ہے۔ یہ عام طور پر 15 سے 18 منٹ کا ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لئے دونوں ٹائمرز کی آؤٹ پٹ کوIC3 نینڈ NAND گیٹ N1 کی دونوں ان پٹس پر فراہم کیا گیا ہے۔ اس گیٹ کی آؤٹ پٹ پن 3 کو ایک پی این پی ٹرانزسٹر TR1 کے راستے ریلے سوئچ RLY1 سے جوڑا گیا ہے۔ اس حالت میں یہ ریلے سوئچ صرف اس وقت کام کرے گا جب نینڈ گیٹ کی آوٹ پٹ لو LOW ہو گی۔

جب رخ متعین کرنے والا ٹائمر آئی سی IC2 آن حالت میں ہوگا تو منفی کی طرف جاتی ہوئی اس کی آؤٹ پٹ جے کے فلپ فلاپ آئی سی IC4 کی پن 2 کو لو کر دے گی جس سے ریلے سوئچ RLY2 انرجائز حالت میں آ کر موٹر کو ایک رخ میں چلا رہا ہو گا۔ جب آئی سی IC2 آف حالت میں ہو گا تو اس دوران میں نینڈ گیٹ کی آؤٹ پٹ ہائی ہو کر ریلے سوئچ RLY1 کو ڈی انرجائز حالت میں لے آئے گی جس سے میں اے سی سپلائی ریلے سوئچ RLY2 کے ذریعے آف حالت میں رہے گی اور موٹر بند ہو جائے گی۔

پہلے ٹائمر آئی سی 555 کی ٹرگر پن 2 پر فلوٹنگ پوائنٹ ایرر Floating Point Error واقع ہو سکتا ہے جس کا امکان ختم کرنے کے لئے رزسٹر R8 استعمال کی گئی ہے تاکہ پن 2 ہائی رہے۔

فہرست اجزاء

واشنگ مشین موٹر کنٹرولر

رزسٹرز      
R1 = 47K رزسٹر ¼ واٹ
R2 = 47K رزسٹر ¼ واٹ
R3 = 1M0 رزسٹر ¼ واٹ
R4 = 470K رزسٹر ¼ واٹ
R5 = 100R رزسٹر ¼ واٹ
R6 = 100R رزسٹر ¼ واٹ
R7 = 470R رزسٹر ¼ واٹ
R8 = 100K رزسٹر ¼ واٹ
VR1 = 1M0 پری سیٹ پوٹینشو میٹر
کپیسیٹر    
C1 = 1000µ, 16V الیکٹرو لائیٹک
C2 = 0µ01 سرامک
C3 = 10µ, 16V الیکٹرو لائیٹک
C4 = 0µ01 سرامک
سیمی کنڈکٹرز    
TR1-2 = BC558 پی این پی ٹرانزسٹر
IC1-2 = 555 ٹائمر آئی سی
IC3 = 4011 ٹائمر آئی سی
IC4 = 4027 ٹائمر آئی سی
D1-2 = 1N4007 ریکٹی فائر ڈائیوڈ
متفرق    
SW1 = 500mA پش ٹو آن، پش بٹن سوئچ
RLY1,2 = 6V, 100R ریلے سوئچ