گھریلو ریموٹ کنٹرول

(امیر سیف اللہ سیف)

اگر آپ کو یہ خواہش ہو کہ اپنے بستر، رائٹنگ ٹیبل یا صوفہ پر بیٹھے بیٹھے آپ بلب، ٹیوب لائٹ، انرجی سیور، برقی پنکھا یا کوئی بھی دوسرا گھریلو آلہ، انفرا ریڈ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے آن یا آف کر سکیں تو یہ سرکٹ آپ ہی کے لئے ہے۔ یہ سرکٹ بہت سادہ ہے اور اس میں انفرا ریڈ نوعیت کا کوئی بھی ریموٹ کنٹرولر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر گھر میں پرانے ٹی وی، وی سی آر کا کوئی ریموٹ کنٹرول موجود ہے یا پھر موجودہ ٹی وی، ڈی وی ڈی، وی سی ڈی، ایل سی ڈی یا ایل ای ڈی ٹی وی کا کوئی ریموٹ کنٹرول ہے تو آپ اسے بخوبی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ ریموٹ کنٹرول 25 تا 30 فٹ تک کے فاصلے کے لئے کار آمد ہو گا۔


گھریلو ریموٹ کنٹرولر کا سرکٹ ڈایا گرام

سرکٹ میں 38KHz کی انفرا ریڈ شعاعوں کو محسوس (ڈی ٹیکٹ) کر کے اس سے ایک ریلے سوئچ چلایا گیا ہے جو آپ کے گھریلو برقی آلات کے ساتھ سلسلے وار جڑ جائے گا۔ ریموٹ کنٹرولر سے آنے والی کی انفرا ریڈ شعاعیں سرکٹ کے انفرا ریڈ رسیور ماڈیول سے ٹکراتی ہیں تو اس کی آؤٹ پٹ پن 3 سے ایک سگنل پیدا ہوتا ہے۔ اس سگنل کو ٹرانزسٹر TR1 کے ذریعے ایمپلیفائی کیا جاتا ہے۔

یہ افزائش شدہ (ایمپلیفائی کردہ) سگنل ٹرانزسٹر BC558 سے براہ راست ڈیکیڈ کاؤنٹر آئی سی CD4017 کی کلاک پن 14 پر آتا ہے۔ جب تک اس آئی سی کلاک پن پر کوئی سگنل موجود نہیں ہوتا، سرخ ایل ای ڈی روشن رہتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا منسلک برقی آلہ آف حالت میں ہے۔ جوں ہی آئی سی کو کلاک سگنل ملتا ہے اس کی پن 2 ہائی ہو جاتی ہے اور اس سے منسلک سبز رنگ کا ایل ای ڈی روشن ہو جاتا ہے جبکہ سرخ ایل ای ڈی آف ہو جاتا ہے۔ سبز ایل ای ڈی روشن ہو کر یہ ظاہر کرتا ہے کہ منسلک برقی آلہ آن حالت میں ہے۔

یہیں سے یہ ہائی آؤٹ پٹ ریلے ڈرائیور ٹرانزسٹر TR2 کی بیس پر بھی جاتی ہے اور ٹرانزسٹر BC548 کو رو بہ عمل حالت میں لے آتی ہے۔ یہ ٹرانزسٹر ریلے سوئچ کو انر جائز کر دیتا ہے اور اس کے نارملی اوپن کنٹیکٹس سے منسلک برقی آلے کو برقی سپلائی مہیا ہونے لگتی ہے۔

فہرست اجزاء

(گھریلو ریموٹ کنٹرولر)

رزسٹرز    
R1 = 47R رزسٹر ¼ واٹ
R2 = 220K رزسٹر ¼ واٹ
R3 = 330R رزسٹر ¼ واٹ
R4 = 330R رزسٹر ¼ واٹ
R5 = 1K0 رزسٹر ¼ واٹ
کپیسیٹر    
C1 = 100µ, الیکٹرو لائیٹک 16V
C2 = 0µ1, سرامک
سیمی کنڈکٹرز    
TR1 = BC558 این پی این ٹرانزسٹر
TR2 = BC548 پی این پی ٹرانزسٹر
IC1 = CD4017 ڈیکیڈ کاؤنٹر آئی سی
D1 = 1N4007 ریکٹی فائر ڈائیوڈ
LED1 = 5mm سرخ ایل ای ڈی
LED2 = 5mm سبز ایل ای ڈی
متفرق    
RLY1 = 5V, ریلے سوئچ 100R
IR1 = TSOP1738 انفرا ریڈ ماڈیول