مین اے سی سپلائی وولٹیج انڈیکیٹر


(امیر سیف اللہ سیف)



یہ سرکٹ سی موس آئی سی CD4033 پر مشتمل ہے اور مین اے سی سپلائی وولٹیج کی موجودگی کو معلوم کر سکتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اس کے لئے ضروری نہیں کہ برقی تار یا آلے سے اس کو برقی طور پر منسلک کیا جائے۔ اس آلے کی مدد سے مین اے سی سپلائی کی موجودگی معلوم کرنے کے لئے تار وغیرہ سے پلاسٹک انسولیشن کو چھیلنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔


اس آلے کی پروب کو تار کے پاس لے آئیں اور یہ اس تار میں مین اے سی سپلائی کی موجودگی کو ظاہر کر دے گا۔اگر مین اے سی سپلائی وولٹیج موجود نہیں ہیں تو یہ آلہ بے ترتیب انداز میں 0 سے 9 تک کا کوئی بھی ہندسہ مستقل طور پر ظاہر کرتا رہے گا۔ اگر مین اے سی سپلائی موجود ہو گی تو برقی میدان (الیکٹرک فیلڈ) اس آلے کی پروب کے راستے اثر انداز ہو گا۔ایسی صورت میں یہ آلہ ترتیب سے 0 تا 9 کے ہندسے ظاہر کرے گا اور اس ترتیب کو دہراتا رہے گا۔ 

چونکہ سرکٹ میں استعمال کردہ آئی سی سی موس نوعیت کا ہے جس کی ان پٹ امپیڈینس بہت بلند ہوتی ہے چنانچہ پروب کے راستے داخل ہونے والے معمولی سے وولٹیج بھی اس کاﺅنٹر آئی سی کو کلاک کرنے کے لئے کافی ہوں گے۔اسی وجہ سے اس پر نمودار ہونے والے ہندسے تیزی سے 0 سے 9 تک جائیں گے اور پھر یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اس ترتیب سے نمودار ہونے والے ہندسے مین اے سی سپلائی کی موجودگی کو ظاہر کریں گے۔ جب آپ اس آلے کو اس تار سے، جس میں سے مین سپلائی گزر رہی ہے، دور لے جائیں گے تو مسلسل نمودار ہونے والے ہندسوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔ اس آلے کو آپ نو وولٹ کی PP3 نوعیت کی بیٹری سے بخوبی چلا سکتے ہیں۔


فہرست اجزاء

( مین اے سی سپلائی وولٹیج انڈیکیٹرر )
رزسٹرز    
R1 = 100K کاربن فلم ¼ واٹ‘ ٪5 شرح انحراف
R2 = 100K کاربن فلم ¼ واٹ‘ ٪5 شرح انحراف
کپیسیٹر    
C1 = 0u1 سرامک
سیمی کنڈکٹرز    
IC1 = 4033 سی موس آئی سی
DS1 = کامن کیتھوڈ سیون سیگمنٹ ڈسپلے
متفرق    
S1 = آن آف سوئچ