گھریلو حفاظتی نظام

نادیدہ لہروں کی مدد سے حفاظتی نظام تشکیل دینے کا عمل نیا نہیں ہے۔ نہایت قیمتی سازوسامان کی حفاظت کا بڑے پیمانے پر انتظام ایسی نادیدہ لہروں کی مدد کیا جاتا ہے۔ جب ان نادیدہ شعاعوں یا لہروں کے تسلسل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو کوئی سائرن، الارم یا دوسرے آلات رو بہ عمل ہو جاتے ہیں۔

یہاں پر ایک ایسے ہی کم لاگت کے حفاظتی نظام کا بندوبست کرنے کے لئے سرکٹ ڈایا گرام اور دیگر تفصیلات مہیا کی گئی ہیں۔ یہ نظام چوروں اور بلا اجازت آپ کے گھر تک رسائی حاصل کرنے والوں سے آپ کو فورا” آگاہ کرے گا۔ آج کل بازار میں چین کی بنی ہوئی لیزر ٹارچ کافی کم قیمت پر عام دستیاب ہے۔ اس نظام میں اسی ٹارچ کو استعمال کیا گیا ہے۔ آپ چاہیں تو لیزر ڈائیوڈ کی مدد سے آپ اپنی ٹارچ بھی بنا سکتے ہیں۔ اس کا سرکٹ ڈایا گرام اور طریقہ کار بھی مہیا کیا گیا ہے۔

جیسا کہ شکل میں دکھائے گئے بلاک ڈایا گرام سے واضح ہے۔ گھر کی بیرونی دیواروں کے کونوں پر سادہ آئینے اس طرح نصب کئے گئے ہیں کہ جب لیزر شعاع ان سے ٹکرا کر منعکس ہو گی تو ان شعاعوں کا ایک جال سا بن جائے گا۔ جب بھی ان شعاعوں میں سے کسی بھی ایک شعاع کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ آ کر، چاہے وہ ایک لمحے ہی کے لئے کیوں نہ ہو، اسے آگے جانے سے روک دے گی تو سرکٹ فورا“ رو بہ عمل ہو کر سائرن، الارم یا کسی بھی دوسرے حفاظتی آلے کو آن کر دے گا۔

لیزر شعاع آئنوں سے منعکس ہوتی ہوئی بالاخرایک ایل ڈی آر سے ٹکراتی ہے جو رسیور سرکٹ میں لگا ہوا ہے۔ اس ایل ڈی آر کو مناسب لمبائی (چار انچ مناسب رہے گی) کے ایک پائپ کے سرے پر نصب کرنا ضروری ہے تاکہ ایل ڈی آر دوسری روشنیوں سے متاثر نہ ہو۔



شکل نمبر 1 گھریلو حفاظتی نظام کی تنصیب کے لئے رہنما خاکہ


شکل نمبر 2 لیزر بیم (تیار شدہ) کے لئے رسیور سرکٹ ڈایا گرام


شکل نمبر 3 لیزر بیم خود بنانے کے لئے سرکٹ ڈایا گرام


شکل نمبر 4 لیزر بیم سرکٹ کی تشکیل کے لئے پی سی بی کا نمونہ


شکل نمبر 5 لیزر بیم سرکٹ کے پی سی بی پر اجزا کی ترتیب


شکل نمبر 6 لیزر بیم سرکٹ کا نصب شدہ خاکہ


شکل نمبر 7 رسیور سرکٹ کی تشکیل کے لئے پی سی بی کا نمونہ


شکل نمبر 8 رسیور سرکٹ کے پی سی بی پر اجزا کی ترتیب


شکل نمبر 9 رسیور سرکٹ کا نصب شدہ خاکہ

اس حفاظتی نظام کا رسیور سرکٹ چند عام دستیاب پرزہ جات پر مشتمل ہے۔ ان میں دو عدد اسٹیپ ڈاؤن ٹرانسفارمرز، ریکٹی فائر ڈائیوڈز، فلٹر کپیسیٹرز، دو عدد ریلے سوئچز، ایک پی این پی ٹرانزسٹر اور ایک ایل ڈی آر پر مشتمل ہے۔ جب ایل ڈی آر پر لیزر بیم منعکس ہوتی ہوئی آتی ہے اور جب تک موجود رہتی ہے، ٹرانزسٹر روبہ عمل حالت میں رہتا ہے اور اس سے منسلک ریلے سوئچ بھی آن حالت میں رہتا ہے۔ جوں ہی لیزر بیم کے سامنے کوئی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، ایل ڈی آر کی رزسٹینس میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ٹرانزسٹر آف حالت میں آ جاتا ہے۔ ٹرانزسٹر آف ہونے سے ریلے سوئچ بھی آف ہو جاتا ہے اور اس کا نارملی کلوزڈ کنکشن، کامن کنکشن سے مل کر دوسرے ٹرانسفارمر کو مین اے سی سپلائی سے منسلک کر دیتا ہے۔ جوں ہی اس ٹرانسفارمر کو مین اے سی سپلائی ملتی ہے اس سے منسلک ریلے سوئچ آن ہو کر کسی سائرن، الارم یا دوسرے آلے کو آن کر دیتا ہے۔

نوٹ :لیزر بیم سرکٹ خود بنانے کے لئے مکمل پروجیکٹ “سالڈ اسٹیٹ لیزر“ پڑھیں۔