تعدد (فریکوئنسیز) کے گروہ(بینڈ) کی وہ حدود جو نصف قوت کے نقاط کے درمیان واقع ہوں۔
وضاحت: الیکٹرونی مواصلات میں الیکٹرونی سگنل کسی بھی دئیے گئے واسطے میں تعدد (فریکوئنسی) کی جو حدود استعمال کرتا ہے اسے اس سگنل کی بینڈ وڈتھ کہاجاتا ہے۔ اس حوالے سے بینڈ وڈتھ، تعدد (فریکوئنسیز) کی ان حدود پر مشتمل ہوتی ہے جو سگنل کے اجزا کے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم تعدد(فریکوئنسی) پر مشتمل ہو۔ بینڈ وڈتھ کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ ایک نشریاتی سگنل کتنی معلومات کا حامل ہے۔ صوتی (آڈیو) معلومات کا حامل سگنل کم بینڈ وڈتھ کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اس میں ترسیلی معلومات کم ہوتی ہیں جبکہ ایک بصری(ویڈیو) سگنل زیادہ بینڈ وڈتھ کا حامل ہوتا ہے کیونکہ صوتی معلومات کی نسبت بصری معلومات زیادہ وسعت کی حامل ہوتی ہیں۔ایک مثالی صوتی سگنل تقریبا" تین کلو ہرٹز 3KHz کا ہوتا ہے جبکہ اینالوگ ٹی وی براڈ کاسٹ سگنل کی بینڈ وڈتھ چھ میگا ہرٹز6MHz یعنی صوتی سگنل کی نسبت تقریبا" 200 گنا زیادہ ہوتی ہے۔