الیکٹرونکس، طبیعیات کی ایک شاخ ہے۔ اردو میں اسے برقیات اور الیکٹرونیات کہا جاتا ہے۔
اگرچہ الیکٹرونکس کو طبیعیات کے مرکزی عنوان کے تحت دیا جانا چاہیئے تھا تاہم فی الوقت طبیعیات کی ذیل میں درکار مواد اتنا نہیں کہ طبیعیات کے ہر شعبے کو الگ الگ ذیلی موضوعات کے تحت پیش کیا جائے چنانچہ اسے الگ عنوان کے تحت پیش کیا جا رہا ہے۔ بعد میں "فرہنگ سائنسی اصطلاحات" میں کافی مواد شامل ہونے کے بعد اس کی ترتیب نو کر دی جائے گی اور ہر شعبے کو سائنس کی متعلقہ شاخ کے تحت ذکر کیا جائے گا۔
یہاں پر الیکٹرونکس میں مروجہ اصطلاحات پیش کی جائیں گی۔ ممکن ہےکہ سائنس کے کسی دوسر ے عنوان کے تحت ان کا مفہوم کچھ اور ہو تاہم یہاں پر الیکٹرونکس کے حوالے سے ان کا مفہوم اور وضاحت پیش کی جائے گی۔
وضاحت:
چونکہ الیکٹرونکس کی کافی اصطلاحات اصل انگریزی صورت میں رائج العام ہیں اور ہر کوئی ان کا مفہوم جانتا ہے چنانچہ ایسی اصطلاحات کو اصل انگریزی ہی میں بیان کیا گیا ہے۔ تاہم جہاں تک ممکن ہوا ہے ان اصطلاحات کے اردو متبادل پیش کر دئے گئے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر ہم ریڈیو، ٹیلی ویژن، ٹیلی فون وغیرہ جیسے زبان زد عام الفاظ یعنی اصطلاحات کو دیکھیں تو ان کی اردو اصطلاحات استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ یہ پہلے ہی اپنی اصل حالت میں مستعمل اور قابل فہم ہیں۔ تاہم کچھ اصطلاحات ایسی ہیں جو ابھی اتنی عام نہیں ہوئیں لیکن الیکٹرونکس کے طلباء ان سے مانوس ہیں۔ ایسی اصطلاحات کا اردو متبادل پیش کیا گیا ہے تاکہ طلباء اپنی زبان میں بھی ان سے آگا ہ ہو جائیں ۔ اس طرح کی اصطلاحات میں سے ایک، مثال کے طور پر" آسی لیٹر" ہے۔ اس کی اردو اصطلاح " ارتعاشندہ " پیش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ ماہرین نے اس کو" اہتزازندہ "بھی لکھا ہے لیکن ہمارے نزدیک "ارتعاشندہ " ہی درست ہے، ادائیگی میں آسانی اور مطلب میں واضح ہونے کی بنا پر۔