کیتھوڈ رے ٹیوب- Cathode Ray Tube

اسے پکچرٹیوب بھی کہا جاتا ہے ۔ c.r.t. کیتھوڈ رے ٹیوب کا مخفف ہے۔
سی آر ٹی c.r.t. تھرمیانک ٹیوب ہے جو آسیلو سکوپ، ٹی وی رسیور،ویژوئل ڈسپلے یونٹ VDU اور ریڈار وغیرہ میں کثرت سے استعمال کی جاتی ہے۔

بنیادی طور پر یہ تین بنیادی اجزا،الیکٹرون گن، ڈیفلیکشن سسٹم اور فلوری سینٹ سکرین پر مشتمل ہے۔یہ تینوں اجزا شیشے کے کیس میں بند ہوتے ہیں۔ الیکٹرون گن، الیکٹرون کی ایک شعاع (بیم)پیدا کرتی ہے جو تیز رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ عین مطلوبہ ہدف پر پہنچنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔کلر سی آر ٹی میں تین الیکٹرون گنز ہوتی ہے جو سرخ، سبز اور نیلے رنگوں کے لئے شعاعیں پیدا کرتی ہیں۔
مناسب ڈیفیلیکشن سگنل مہیا کر کے اس شعاع کو سکرین پر کسی بھی جگہ پہنچایا جا سکتا ہے۔جب یہ شعاع سکرین سے ٹکراتی ہے تو ایک روشن نقطہ پیدا کرتی ہے۔ڈیفلیکشن اور فوکسنگ طریقہ کار یا تو مقناطیسی قسم کا ہوتا ہے یا پھر الیکٹروسٹیٹک نوعیت کا۔

فلوری سینٹ سکرین فاسفر مادے سے بنائی جاتی ہے۔ یہ مادہ سکرین کے سامنے والے شیشے کی اندرونی جانب بالکل ایک جیسی تہہ کی صورت میں لگایا جاتا ہے۔سکرین کے پیچھے باریک باریک سوراخوں پر مشتمل ایک مہین جالی ہوتی ہے جسے شیڈو ماسک کہا جاتا ہے۔ یہ شیڈو ماسک، الیکٹرون بیمز کو اپنی اپنی مطابقت کے فاسفر نقاط پر ڈالنے کا کام کرتا ہے۔