کیریئر - Carrier

لو فریکوئنسی سگنلز مثلاً صوتی (آڈیو ) پیغامات، موسیقی وغیرہ کو ایک سے دوسری جگہ برقی سگنلز میں تبدیل کر کے تار کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔ تار کے بغیر ان کو اسی حالت میں براہ راست وصول(رسیو) کرنا یا بھیجنا (ٹرانسمٹ) ممکن نہیں۔ تار کے بغیر یعنی وائرلیس نشریات کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ان لو فریکوئنسی سگنلز کو ہائی فریکوئنسی ریڈیائی سگنلز پر سوار کیا جائے اور پھر ان ریڈیائی سگنلز کو ایرئل سے نشر کیا جائے۔اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والے ریڈیائی سگنلز ”کیریئر “ کہلاتے ہیں۔جس طریقے سے یہ آڈیو سگنلز، ریڈیو سگنلز پر سوار کئے جاتے ہیں وہ طریقہ ”ماڈولیشن“Modulation (شکل (C10 کہلاتا ہے۔

جب کیریئر ویو نشر کی جاتی ہے تو ایک مواصلاتی (کمیونیکیشن) چینل کھل جاتا ہے لیکن اس وقت تک کوئی معلومات نشر یا وصول نہیں کی جا سکتیں جب تک کیریئر کو ماڈولیٹ نہ کیا جائے۔ صرف ریڈیو ویوز ہی کیریئر نہیں ہوتیں بلکہ روشنی کی شعاع، آپٹیکل لنک اور الٹرسونک ویوز بھی بطور کیریئر استعمال کی جاتی ہیں۔