چوتھی جہت کا تصور

مجالس:

اگر آپ کو طبیعیات میں اچھی خاصی دلچسپی ہے تو آپ نے غالباً کئی بار کائنات کی "چوتھی جہت" کا ذکر پڑھا یا سنا ہوگا۔ اگر آپ کو کسی وجہ سے ابھی تک اس کی سمجھ نہ آئی ہو تو ان دو ویڈیوز سے آپ کو تین سے زائد جہتوں کا تصور سمجھنے میں کافی آسانی ہوگی۔

کارل ساگان چوتھی جہت کی وضاحت کرتے ہوئے۔
Carl Sagan 4th Dimension Explanation
ڈاکٹر کوانٹم "ہموار نگری" میں۔
Dr Quantum - Flatland

بہت خوب.. انگریزی آتی تو کارل ساگان کی جگہ میں وہاں بیٹھ کر سمجھا رہا ہوتا.. بھیا بزبانِ اردو سمجھائیے..

محمد سعد's picture

کارل ساگان کہتا ہے کہ ایک بالکل ہموار یا چپٹی دنیا کا تصور کریں جہاں سب کچھ بالکل ہموار ہے۔ اسے "ہموار نگری" کا نام دے لیں۔ ہموار نگری میں لوگوں اور اشیاء کی لمبائی اور چوڑائی تو ہے، لیکن بلندی بالکل صفر ہے۔ اس چپٹی دنیا کے لوگ آگے، پیچھے، دائیں اور بائیں کو تو جانتے ہیں لیکن ان کے پاس اوپر اور نیچے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ وہ اور ان کی پوری دنیا دو جہتوں میں قید ہے۔
اب تصور کریں کہ اس دنیا کے پاس سے ایک سہ جہتی مخلوق (جو کہ تین جہتوں، لمبائی، چوڑائی اور بلندی کی حامل ہے) گزرتی ہے۔ اس ویڈیو میں سیب کو وہ سہ جہتی مخلوق تصور کیا گیا ہے۔ سیب اس دنیا میں ایک مربع کو اپنے کمرے میں جاتے ہوئے دیکھتا ہے اور اس کو سلام ہیلو کہتا ہے اور اپنا تعارف کرواتا ہے کہ میں تیسری جہت سے ایک مہمان آیا ہوں (اس موقع پر سیب اس دو جہتی مربع کے بالکل اوپر ہے)۔ دو جہتوں میں قید وہ مربع اپنے کمرے میں ادھر ادھر دیکھتا ہے۔ کمرہ بند ہے اور کوئی بھی وہاں موجود نہیں ہے۔ اور اس سے بھی زیادہ عجیب بات یہ کہ اسے یہ آواز اپنے اندر سے سنائی دے رہی ہے۔ وہ پریشان ہو جاتا ہے کہ یہ مجھے کیا ہو گیا ہے۔ کہیں میں پاگل تو نہیں ہو گیا؟
اس سہ جہتی مخلوق (سیب) کو یہ بات پسند نہیں آتی کہ مربع اسے محض دماغ کا فتور سمجھ رہا ہے۔ چنانچہ وہ اپنی موجودگی کا ثبوت دینے کے لیے اس دنیا میں داخل ہونے کا فیصلہ کرتا ہے۔ اب ایک سہ جہتی مخلوق کا ایک دو جہتی دنیا میں محض وہی حصہ موجود ہوگا جو کہ اس دو جہتی دنیا کو چھو رہا ہے، یا انگریزوں کی انگریزی میں cross section کہہ لیں۔ یہاں پر کارل ساگان سیب پر روشنائی لگا کر اس سہ جہتی مخلوق کے اس دنیا میں داخلے کے مختلف مراحل دکھاتا ہے۔ اب وہ مربع دیکھتا ہے کہ اس کے کمرے میں، جو کہ بند ہے، پراسرار طور پر کوئی چیز ظاہر ہو رہی ہے اور اپنی شکل بدلتی جا رہی ہے۔ اور اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ اس کے دماغ کا فیوز اڑ گیا ہے۔ سیب کو اس کا یہ خیال کچھ پسند نہیں آتا۔ چنانچہ وہ اس مربع کو نیچے سے دھکیل کر ہموار نگری سے اوپر کی طرف اچھال دیتا ہے۔ شروع میں تو اس مربع کو سمجھ نہیں آتی کہ یہ کیا ہو رہا ہے کیونکہ یہ اس کے لیے ایک بالکل نیا تجربہ ہے۔ لیکن جیسے جیسے اس کے حواس بحال ہوتے ہیں تو اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ بند کمروں میں دیکھ سکتا ہے، حتیٰ کہ وہ اپنے دو جہتی ساتھیوں کے اندر بھی دیکھ سکتا ہے۔ وہ ہموار نگری کو ایک ایسے نقطۂ نگاہ سے دیکھ رہا ہے جس سے پہلے کبھی اس کے کسی جاننے والے نے نہیں دیکھا۔ اب یہ ہموار نگری کا باشندہ آہستہ آہستہ نیچے سطح پر (ہموار نگری میں) واپس آ جاتا ہے (اب وہ باہر کھلی جگہ میں ہے جہاں اس کے دوست موجود ہیں)۔ اور اس کے دوست اس کی طرف دوڑے چلے آتے ہیں کہ یہ کیا ہوا۔ ان کے نقطۂ نگاہ کے مطابق وہ مربع اچانک ہی وہاں نمودار ہو گیا ہے۔ وہ کہیں سے چلتا ہوا نہیں آیا۔ بلکہ اچانک کہیں سے پراسرار طور پر نمودار ہو گیا۔ اس کے دوست پوچھتے ہیں کہ خیریت تو ہے؟ ابھی ابھی یہ کیا ہوا؟ تو وہ مربع کہتا ہے کہ میں کسی اور پراسرار جہت میں تھا جسے "اوپر" کہتے ہیں۔ اس کے دوست اس سے پوچھتے ہیں کہ بتاؤ یہ تیسری جہت کہاں ہے؟ کس سمت میں ہے؟ لیکن بے چارہ مربع اپنی دو جہتوں میں قید ساخت کی وجہ سے انہیں اس سمت میں اشارہ کر کے نہیں دکھا سکتا۔

اس کے بعد کارل ساگان مربع، مکعب وغیرہ اور ان کی جہتوں کے متعلق دو چار باتیں کرتا ہے جس کی تشریح کی مجھ میں اب ہمت نہیں بچی۔ وہ آپ خود ہی سمجھ لیں جو کہ اوپر لکھے گئے حصے کو اچھی طرح سمجھ لینے کے بعد زیادہ مشکل نہیں ہونا چاہیے۔

اب خوش؟ :Sp

یہ ہوئی نا بات.. اب ٹھیک ہے.. :)

فی الحال تو آپ کے تحریر کردہ موضوعات ہی پڑھنے پر اکتفا کر رہا ہوں.....
مگر جلد ہی کچھ اپنی پسند کا بھی لکھوں گا....ویسے تو اپنا پسندیدہ مضمون حیاتیات ہی ہے.