ساؤنڈ لیول میٹر

(امیر سیف اللہ سیف)

اگرچہ آئی سی NE604 بنیادی طور پر ہائی فریکوئنسی اطلاقات کےلئے تجویز کردہ ہے تاہم اسے دوسری ضروریات کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جیسا کہ زیر نظر سرکٹ میں اسے آڈیو اطلاقات (ساؤنڈ لیول میٹر کے طور پر ) کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔

سرکٹ میں آئی سی کا سگنل اسٹرینتھ انڈیکیٹر کام میں لایا گیا ہے جو اندرونی لاگ رتھمک کنورٹر کی بنیاد پر کام کرتا ہے۔ اس کی وجہ سے ہم ہموار (لینئر) ڈیسی بل اسکیل حاصل کر سکتے ہیں چنانچہ سرکٹ میں دکھائے گئے موونگ کوائل میٹر کی جگہ ڈیجیٹل آلہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سرکٹ کے لیے سگنل کی فراہمی کا ممکنہ ذریعہ الیکٹریٹ (کنڈنسر) مائیکروفون تصور کیا گیا ہے جو ارد گرد کی آوازوں کو برقی اشاروں (الیکٹریکل سگنلز) میں تبدیل کرتا ہے۔ اس نوعیت کے مائیکروفون میں عام طور پر ایک بفر اسٹیج موجود ہوتی ہے چنانچہ رزسٹرز R7، R8 اور کپیسیٹر C13 کے ذریعے اس بفر اسٹیج کے لئے پاور سپلائی وولٹیج مہیا کئے گئے ہیں۔

الیکٹریٹ (کنڈنسر) مائیک کے ذریعے آئی سی NE604 کی پن 16 پر ان پٹ مہیا کی گئی ہے۔ ان پٹ موصول ہونے پر NE604 پن 5 پر، جو کہ سگنل اسٹرینگتھ (اسٹرینتھ) کی آؤٹ پٹ ہے، 0 تا 50 مائیکرو ایمپئرµ A آؤٹ پٹ کرنٹ مہیا کرتا ہے۔ یہ آؤٹ پٹ کرنٹ، رزسٹر R2+R3 کے آرپار 0 تا 5V کا پوٹینشل ڈفرینس پیدا کرتی ہے۔ ان پٹ اور آؤٹ پٹ سگنل کی حدود 70dB کی صوتی حدود کے برابر یا متبادل ہیں۔ درجہ حرارت میں تبدیلی کی وجہ سے ہونے والے اثرات کا مداوا کرنے کے لئے 100 kΩ کی مطلوبہ رزسٹینس حاصل کرنےکے لئے دو رزسٹرز R2 اور R3 نیز ڈائیوڈ D1 استعمال کئے گئے ہیں۔

آؤٹ پٹ وولٹیج میں باقی رہنے والی کسی بھی نوعیت کی کوئی ناہمواری ختم کرنے کے لئےR4 رزسٹر اور کپیسیٹرزC9، C10 کو استعمال کیا گیا ہے۔ یہ اجزا آؤٹ پٹ کو آئی سی IC2 سے بفر (Buffer) کرنے سے قبل استعمال کئے گئے ہیں۔ ساؤنڈ لیول کو ظاہر کرنے کے لئے استعمال کردہ آلہ (یہاں پر موونگ کوائل میٹر) آئی سی کی آؤٹ پٹ پن 6 سے براستہ سیریز رزسٹرزR6+P1 مسلک کیا گیا ہے۔ اس پری سیٹ پوٹینشو میٹر (P1) کو اس طرح متعین (ایڈ جسٹ) کرنا ہے کہ 4V0 کے آؤٹ پٹ وولٹیج پر میٹر فل اسکیل ڈیفیلکشن (FSD) ظاہر کرے۔

اس ساؤنڈ لیول میٹر کی درجہ بندی (کیلی بریشن Calibration) کے لئے تدبیری طریقہ استعمال کرنا پڑے گا۔ دوسری صورت میں آپ کو پہلے سے درجہ بند آلے کی ضرورت پڑے گی۔ اگر آپ اپنے لاؤڈ اسپیکر کی کارکردگی سے بخوبی آگاہ ہیں اور جانتے ہیں کہ ایک میٹر فاصلے پر ایک واٹ آؤٹ پٹ کی صورت میں یہ کتنے ڈیسی بیل مہیا کرتا ہے تو آپ اس کو بطور حوالہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد میٹر کے ڈائل یا اسکیل کو اسی کے مطابق دوسری اندازا“ مقداروں کے لئے نشان زدہ کیا جا سکتا ہے۔ اس ساؤنڈ لیول میٹر کی درجہ بندی چاہے کسی بھی طریقے سے کی جائے، ہمیشہ اس سے حاصل ہونے والی قدر کو صرف ظاہری مقدار کا اندازہ کرنے کے لئے استعمال کیا جائے۔ اس سے حاصل ہونے والی قدر درست ترین یا قطعی قدر نہیں ہوگی۔


آئی سی NE604N کے پن کنکشن اور اندرونی وائرنگ ڈایا گرام


ساؤنڈ لیول میٹر کا سرکٹ ڈایا گرام۔



ساؤنڈ لیول میٹر کیلئے پی سی بی کا نمونہ اور اجزاءکی پی سی بی پر ترتیب کا خاکہ۔


ساؤنڈ لیول میٹر کی کارکردگی کا گراف۔