ایل ای ڈی ٹارچ

(امیر سیف اللہ سیف)

ہنگامی صورت حال میں یہ مختصر سی ایل ای ڈی ٹارچ آپ کے بہت کام آئے گی۔ اس کا سرکٹ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ کم جگہ میں سما سکے۔ اس میں استعمال کردہ بیٹری براہ راست مین اے سی سپلائی سے چارج کی جا سکتی ہے۔ اس میں نکل کیڈمیئم بیٹری (1V2 کے تین سیل) استعمال کی گئی ہے۔ اگر اس ٹارچ کو مناسب احتیاط سے استعمال کیا جائے تو یہ بیٹری کافی عرصہ تک (میں اسے تین سال سے استعمال کر رہا ہوں) کام دے گی۔



ایل ای ڈی ٹارچ کا سرکٹ ڈایا گرام

سرکٹ میں مین اے سی سپلائی لائن کے راستے دو کپیسیٹر C1 اور C2 استعمال کئے گئے ہیں- دکھائی گی قدروں سے یہ کرنٹ کو 70mA تک محدود رکھتے ہیں۔ جب میں اے سی سپلائی کا سوئچ آن کیا جاتا ہے تو ایک لمحے کے لئے کافی زیادہ وولٹیج سرکٹ میں آنے ہیں۔ اسے ابتدائی سرج کرنٹ surge کہتے ہیں۔ اس کرنٹ کو روکنے کے لئے رزسٹر R1 استعمال کیا گیا ہے۔ جب مین اے سی سپلائی کا سوئچ آف کیا جاتا ہے تو پہلے دونوں کپیسیٹر چارج حالت ہی میں ہوتے ہیں۔ رزسٹر R2 ان کو ڈسچارج کرنے کا عمل سرانجام دیتا ہے۔

اس کے بعد ریکٹیفائر برج سرکٹ اور فلٹر کپیسییٹر ہے۔ ٹرانزسٹر کو بطور سوئچ استعمال کیا گیا ہے۔ جب تک مین اے سی سپلائی موجود رہتی ہے رزسٹرR4 اور ایل ای ڈی LED1 کے راستے بیٹری چارچ ہوتی رہتی ہے۔ اس رزسٹر اور ایل ای ڈی کی وجہ سے بیٹری کو ملنے والی چارجنگ کرنٹ 50mA تک رہتی ہے۔ یہ ایل ای ڈی نہ صرف مین اے سی سپلائی کی موجودگی ظاہر کرتا ہے بلکہ بیٹری کو جانے والی کرنٹ بھی محدود رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جب ایل ای ڈی روشن رہتا ہے تو ٹرانزسٹر کی بیس پر 1V6 تک وولٹیج رہتے ہیں۔ اس حالت میں ٹرانزسٹر کی بیس ایمیٹر کی نسبت زیادہ مثبت رہتی ہے اور ٹرانزسٹر آف حالت میں رہتا ہے۔ جوں ہی مین اے سی سپلائی آف ہوتی ہے، ٹرانزسٹر کی بیس پر وولٹیج گر جاتے ہیں اور وہ (رزسٹر R3 کے راستے) لو ہو جاتی ہے۔ اس طرح ٹرانزسٹر سوئچ آن ہو کر تین سفید ایل ای ڈی روشن کر دیتا ہے۔

واضح رہے کہ سرکٹ جب چارج کیا جا رہا ہو گا تو یہ براہ راست مین اے سی سپلائی سے جڑا ہوا ہوگا۔ چونکہ اس کا سائز کم رکھنے کے لئے اس میں کوئی ٹرانسفارمر استعمال نہیں کیا گیا چنانچہ پورے سرکٹ میں ہر وقت مین اے سی سپلائی موجود ہوگی۔ سرکٹ میں کسی بھی پرزے یا تار کو کسی حالت میں بھی ہاتھ نہ لگائیں ورنہ برقی جھٹکا لگے گا۔ سرکٹ کو پلاسٹک کے بکس میں نصب کریں اور آن آف سوئچ بھی پلاسٹک کی ڈنڈی والا استعمال کریں۔ سرکٹ کو چارچ کرتے وقت فیز اور نیوٹرل دکھائے گئے طریقے سے منسلک کریں ورنہ فیز سارے سرکٹ میں موجود رہے گا جو زیادہ خطرناک ہے۔


فہرست اجزاء

( ایل ای ڈی ٹارچ )

رزسٹرز    
R1 = 220K رزسٹر ½ واٹ
R2 = 100R رزسٹر 2 واٹ
R3 = 270R رزسٹر ½ واٹ
R4 = 33R رزسٹر ½ واٹ
R5 = 330R رزسٹر ½ واٹ
کپیسیٹر    
C1 = 0µ47, 400V پولی اسٹرین
C2 = 0µ47, 400V پولی اسٹرین
C3 = 470µ, 63V الیکٹرو لائیٹک
سیمی کنڈکٹرز    
TR1 = BC558 این پی این ٹرانزسٹر
D1-4 = 1N4007 ریکٹی فائر ڈائیوڈ
LED1 = سرخ ایل ای ڈی
LED2-4 = سفید ایل ای ڈی
متفرق    
SW1 = آن آف سلائیڈ سوئچ
F1 = 100mA مین سپلائی اے سی فیوز
B1 = 3V6 نکل کیڈمیئم بیٹری (1V2 کے تین سیل)