ک

کیچنگ ڈائیوڈ- Catching Diode

پلس اور ڈیجیٹل سرکٹس میں آﺅٹ پٹ سگنل کے رائز ٹائم کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے۔
ایک سادہ سوئچنگ سرکٹ (شکل C13) میں جب ٹرانزسٹر سوئچ آف ہوتا ہے تو سرکٹ کی آﺅٹ پٹ رزسٹینسRL کے برابر ہوتی ہے۔یہ لوڈ رزسٹر، سرکٹ کی اپنی کپے سی ٹینس اور کسی بھی قسم کی دوسری سٹرے Strayکپے سی ٹینس کو جو گراﺅنڈ سے آﺅٹ پٹ کے مابین پیدا ہو سکتی ہے، چارج کرتا ہے۔اس کی وجہ سے آﺅٹ پٹ وولٹیج کے بڑھنے کا وقفہ طویل ہو جاتا ہے۔آﺅٹ پٹ وولٹیج کے (VCEsat) سے بڑھ کر +Vcc تک پہنچنے میں جو وقت لگتا ہے وہ ٹائم کانسٹینٹ کے تقریباً چار گنا کے برابر ہو جاتا ہے یعنی 4RLCS۔ کیچنگ ڈائیوڈ سرکٹ میں اس وقت روبہ عمل ہو جاتا ہے جب آﺅٹ پٹ VB سے بڑھتی ہے اور آﺅٹ پٹ ویو فارم کو ”پکڑ“( Catch کر ) لیتا ہے۔اس طرح آﺅٹ پٹ ویو فارم کا رائز ٹائم بہتر ہو جاتا ہے۔

کالپٹس آسی لیٹر- Colpitts Oscillator

یہ ایک مفید سرکٹ ہے جو تقریباً ایک کلو ہرٹز سے چند میگا ہرٹز تک کی متعین فریکوئنسی کی سائن ویوز پیدا کر سکتا ہے۔اس میں LC ٹیوننڈ سرکٹ استعمال کیا جاتا ہے۔

کروبار- Crowbar

یہ وہ نام ہے جو ایسے اوور وولٹیج پروٹیکشن سرکٹ کو دیا گیا ہے جس میں لوڈ سے منسلک پاور سپلائی کو منقطع کرنے کے لئے تھائرسٹر استعمال کیا گیا ہو۔

کامن موڈ ری جیکشن نسبت-Common Mode Rejection Ratio

یہ اصطلاح ڈفرینشل ایمپلی فائرز (آپریشنل ایمپلی فائرز) کی خصوصیات کو ظاہر کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ ڈفرینشل ایمپلی فائر کی اس معیاری نسبت کو ظاہر کرتی ہے جو یہ کامن موڈ سگنلز کو نظر انداز یعنی ریجیکٹ کرنے میں پیش کرتا ہے۔ ایک مکمل ڈفرینشل ایمپلی فائر ایسی آﺅٹ پٹ فراہم کرتا ہے جو اس کے دو نوںان پٹ ٹرمینلز پر مہیا کردہ وولٹیجز کے مابین موجود فرق پر مبنی ہوتی ہے نیز اگر دونوں ان پٹس پر ایک جیسے وولٹیج موجود ہوں تو اسے کوئی آﺅٹ پٹ فراہم نہیں کرنی چاہئے۔

کلاک پلس جنریٹر - Clock Pulse Generator

اکثر ڈیجیٹل سسٹمز کواپنے عمل کے لئے کلاک پلس کی ضرورت ہوتی ہے۔ جو سرکٹ یہ کلاک پلس فراہم کرتا ہے اسے کلاک پلس جنریٹر کہتے ہیں۔ یہ پورے ڈیجیٹل سسٹم کے عمل کو ہم آہنگ(سنکرونائز) کرنے کے لئے مسلسل کلاک پلس فراہم کرتا ہے۔ کلاک پلس جنریٹر کی بنیادی خصوصیات میں اس کی عمدہ فریکوئنسی استحکامت ، متعین لاجک لیول، لو آﺅٹ پٹ امپیڈینس اور صاف ستھری ویو شیپ شامل ہوتی ہیں۔

کلپنگ سرکٹ- Clipping Circuit

یہ سرکٹ ان پٹ سگنل کا ایک حصہ منتخب کرنے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں جو ایک خاص ریفرینس سطح سے اوپر یا اس سے نیچے ہوتا ہے۔کسی بھی ویو فارم کا مثبت یا منفی یا دونوں ایمپلی ٹیوڈ محدود کرنے کے لئے سادہ ڈائیوڈ سرکٹ بھی بطور کلپنگ سرکٹ استعمال کئے جاسکتے ہیں -

کلیمپنگ سرکٹ- Clamping Circuit

ایسا الیکٹرونک سرکٹ جو کسی ویو فارم کی انتہائی قدر (پیک ویلیو)کو ریفرینس لیول تک متعین کرے ۔دوسرے الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ کلیمپنگ سرکٹ کی مدد سے آﺅٹ پٹ سگنل میں ڈی سی اجزا شامل کئے جاتے ہیں۔

کمپلی منٹ- Complement

کوئی بھی ایسی چیز جو کسی دوسری مقدار کو مکمل کرے، بھر دے یا پورا کردے، کمپلی منٹ کہلاتی ہے۔مثال کے طور پر 25° زاویہ کو زاویہ قائمہ بنانے کے لئے 65° زاویہ کی ضرورت ہے، یہ 65° زاویہ، زاویہ قائمہ بنانے کے لئے 25° کا کمپلی منٹ ہے۔ اسی طرح عدد 3 کو 10 بنانے کے لئے اس کا کمپلی منٹ7 ہوگا۔الیکٹرونکس میں عام طور پر اس لفظ ”کمپلی منٹ“ کی جگہ اس کا اسم صفت”کمپلی منٹری“Complementary زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ”باہمی کمی کوپورا کر کے دو حصوں کو ایک ساتھ کام کرنے کے لئے تیار کرنا تاکہ ایک مکمل اور پورا فنکشن یا عمل حاصل ہو سکے“۔ اس کی مثال میں پاور آﺅٹ پٹ سٹیج میں این پی این اور پی این پی ٹرانزسٹرز کا استعمال جس میں ایک وقت میں ایک ٹرانزسٹر کام کر رہا ہوتا ہے جبکہ دوسرا بند رہتا ہے اور اسی طرح اگلے لمحے دوسرا کام شروع کر دیتا ہے اور پہلا بند ہو جاتا ہے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے۔اسی کی ایک مثال CMOS لاجک ہے جس میں n اور p چینل این ہانسمنٹ موڈ MOSFETS استعمال کئے جاتے ہیں۔

کمپیریٹر- Comparator

کمپیریٹر کوئی بھی ایسا سرکٹ ہو سکتا ہے جو ان پٹ پر ملنے والی برقی مقدار کا کسی حوالی جاتی مقدار( ریفرینس لیول ) (یا کسی دوسری ان پٹ )سے موازنہ کرے اور اگر ایک ان پٹ دوسری سے بڑھ جائے تو آﺅٹ پٹ کی حالت کو تبدیل کر دے۔اینا لاگ اور ڈیجیٹل، دونوں طرح کے کمپیریٹرسرکٹ موجود ہیں۔

کنٹیکٹ باﺅنس -Contact Bounce

سوائے ان کے جن میں پارے (مرکری ) سے نم کردہ کنٹیکٹ استعمال کئے جاتے ہیں، تقریباً تمام مکینیکل سوئچوں اور ریلے سوئچوں کے کنٹیکٹ اس خامی کا شکار ہوتے ہیں جسے ”باﺅنس“ کہا جاتا ہے۔ جب کوئی سوئچ چلایا جاتا ہے یعنی وہ اپنی ایک حالت سے دوسری میں آتا ہے تو اس کے کنٹیکٹ، حتمی طور پر ملنے یا کھلنے(الگ ہونے) سے پہلے کئی مرتبہ نہایت تیزی سے ملتے اور الگ ہوتے ہیں۔ اسی خامی کو ”باﺅنس“ کہا جاتا ہے۔ یہ باﺅنس کئی ملی سیکنڈ تک ہوتا رہتا ہے۔ اگر ایسا سوئچ کسی ڈیجیٹل سرکٹ میں استعمال کیا گیا ہو تو یہ تمام ارتعاش ان پٹ پلسز کی شکل میں ریکارڈ ہو جاتا ہے جس سے سرکٹ غلط ٹرگرنگ پیدا کرتا ہے۔باﺅنس کا اثر ختم کرنے کے لئے ایک عمومی طریقہ R-S فلپ فلاپ سرکٹ کا استعمال ہے۔

کو ویلنٹ بانڈ- Covalent Bond

مادی اشیاءلاکھوں جوہروں(ایٹمز) کے باہم ملنے سے تشکیل پاتی ہیں۔ قریبی جوہروں کے آپس میں ملنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ وہ ویلنس الیکٹرونز کو آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔ ویلنس الیکٹرونز وہ ہیں جو جوہر کے بیرونی مدار میں موجود ہوتے ہیں۔ جب دو ویلنس الیکٹرونز دو جوہروں کے بیرونی مدار میں بٹ جاتے ہیں تو اس طرح تشکیل پانے والی بندش(بانڈ) کو ، کوویلنٹ بانڈ کہا جاتا ہے۔

کوڈ کنورٹر- Code Convertor

یہ لاجک سرکٹس ہوتے ہیں جو عام طور پر گیٹس سے تشکیل دیئے جاتے ہیں۔یہ ڈیجیٹل معلومات کو ایک کوڈ سے دوسرے کوڈ میں تبدیل کرتے ہیں۔ بہت زیادہ استعمال ہونے والے کنورٹرزمیں سے مثال کے طور پر BCD (بائنری کوڈڈ ڈیسی مل)سے سیون سیگمنٹ ڈیکوڈرز نمایاں ہیں۔ یہ کوڈ کنورٹرز عام طور پر ڈیکوڈرز کے نام سے زیادہ پہچانے جاتے ہیں اور مکمل آئی سی کی صورت میں دستیاب ہیں۔ مثال کے طور پر


ٹی ٹی ایل
7442
BCD سے ڈیسی مل کنورٹر

 
74141
BCD سے ڈیسی مل کنورٹر

 
7447
BCD سے سیون سیگمنٹ کنورٹر

سی موس
4028
BCD سے ڈیسی مل کنورٹر

کیتھوڈ رے ٹیوب- Cathode Ray Tube

اسے پکچرٹیوب بھی کہا جاتا ہے ۔ c.r.t. کیتھوڈ رے ٹیوب کا مخفف ہے۔
سی آر ٹی c.r.t. تھرمیانک ٹیوب ہے جو آسیلو سکوپ، ٹی وی رسیور،ویژوئل ڈسپلے یونٹ VDU اور ریڈار وغیرہ میں کثرت سے استعمال کی جاتی ہے۔

بنیادی طور پر یہ تین بنیادی اجزا،الیکٹرون گن، ڈیفلیکشن سسٹم اور فلوری سینٹ سکرین پر مشتمل ہے۔یہ تینوں اجزا شیشے کے کیس میں بند ہوتے ہیں۔ الیکٹرون گن، الیکٹرون کی ایک شعاع (بیم)پیدا کرتی ہے جو تیز رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ عین مطلوبہ ہدف پر پہنچنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔کلر سی آر ٹی میں تین الیکٹرون گنز ہوتی ہے جو سرخ، سبز اور نیلے رنگوں کے لئے شعاعیں پیدا کرتی ہیں۔
مناسب ڈیفیلیکشن سگنل مہیا کر کے اس شعاع کو سکرین پر کسی بھی جگہ پہنچایا جا سکتا ہے۔جب یہ شعاع سکرین سے ٹکراتی ہے تو ایک روشن نقطہ پیدا کرتی ہے۔ڈیفلیکشن اور فوکسنگ طریقہ کار یا تو مقناطیسی قسم کا ہوتا ہے یا پھر الیکٹروسٹیٹک نوعیت کا۔

فلوری سینٹ سکرین فاسفر مادے سے بنائی جاتی ہے۔ یہ مادہ سکرین کے سامنے والے شیشے کی اندرونی جانب بالکل ایک جیسی تہہ کی صورت میں لگایا جاتا ہے۔سکرین کے پیچھے باریک باریک سوراخوں پر مشتمل ایک مہین جالی ہوتی ہے جسے شیڈو ماسک کہا جاتا ہے۔ یہ شیڈو ماسک، الیکٹرون بیمز کو اپنی اپنی مطابقت کے فاسفر نقاط پر ڈالنے کا کام کرتا ہے۔

کیریئر - Carrier

لو فریکوئنسی سگنلز مثلاً صوتی (آڈیو ) پیغامات، موسیقی وغیرہ کو ایک سے دوسری جگہ برقی سگنلز میں تبدیل کر کے تار کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔ تار کے بغیر ان کو اسی حالت میں براہ راست وصول(رسیو) کرنا یا بھیجنا (ٹرانسمٹ) ممکن نہیں۔ تار کے بغیر یعنی وائرلیس نشریات کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ان لو فریکوئنسی سگنلز کو ہائی فریکوئنسی ریڈیائی سگنلز پر سوار کیا جائے اور پھر ان ریڈیائی سگنلز کو ایرئل سے نشر کیا جائے۔اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والے ریڈیائی سگنلز ”کیریئر “ کہلاتے ہیں۔جس طریقے سے یہ آڈیو سگنلز، ریڈیو سگنلز پر سوار کئے جاتے ہیں وہ طریقہ ”ماڈولیشن“Modulation (شکل (C10 کہلاتا ہے۔

جب کیریئر ویو نشر کی جاتی ہے تو ایک مواصلاتی (کمیونیکیشن) چینل کھل جاتا ہے لیکن اس وقت تک کوئی معلومات نشر یا وصول نہیں کی جا سکتیں جب تک کیریئر کو ماڈولیٹ نہ کیا جائے۔ صرف ریڈیو ویوز ہی کیریئر نہیں ہوتیں بلکہ روشنی کی شعاع، آپٹیکل لنک اور الٹرسونک ویوز بھی بطور کیریئر استعمال کی جاتی ہیں۔

کیسکوڈ افزائش گر(ایمپلی فائر)-Cascode Amplifier

ایسا افزائش گر(ایمپلی فائر) جو ایسے کامن ایمیٹرداخلی درجے( ان پٹ اسٹیج)پر مشتمل ہو جو کامن بیس خارجی درجے(آوٹ پٹ اسٹیج) کو چلارہا ہو۔
جدید کیسکوڈ افزائش گر(ایمپلی فائر) ہائی فریکوئنسی پر کام کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے اور یونی جنکشن ٹرانزسٹرزیا فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹرز پر مشتمل ہوتا ہے جس میں کامن ایمیٹر داخلی درجے ( ان پٹ اسٹیج)کی جگہ کامن گیٹ داخلی درجہ( ان پٹ اسٹیج) اور کامن بیس خارجی درجے(آوٹ پٹ اسٹیج) کی جگہ کامن ڈرین خارجی درجہ (آوٹ پٹ اسٹیج) ہوتا ہے۔