ٹ

ٹرانزسٹر - Transistor

(اسے اردو میں ٹرانسسٹر اور ٹرانزسٹر دونوں طرح سے لکھا جاتا ہے ہے لیکن صحیح ٹرانزسٹر ہے کیونکہ یہ لفظ دو الفاظ "ٹرانسفر" اور "رزسٹر" سے مل کر بنا ہے)۔
ایک نیم موصل (سیمی کنڈکٹرSemiconductor )آلہ جو تھرمیانک والو کی طرح کام کرتا ہے۔بائی پولر ٹرانزسٹر، پی این پی اور این پی این اقسام کے ہوتے ہیں۔ ایمیٹر (emitter) سے الیکٹرونز کا بہاؤ بیس (base) کے ٹکڑے میں شروع ہو جاتا ہے۔ بیس کی کم موٹائی کی وجہ سے بیشتر الیکٹران، کلکٹر (collector) کے مثبت پوٹینشل کے باعث اس کی طرف کھنچ جاتے ہیں اور کرنٹ کلکٹر کے سرکٹ میں بہنا شروع ہو جاتی ہے۔ چونکہ اس کا حجم اور وزن کم ہوتا ہے اس لیے مختصر الیکٹرانی آلات میں استعمال کیا جاتا ہے کہ اس میں کم بجلی خرچ ہوتی ہے۔ یہ کافی دیر تک کام کر سکتا ہے۔
بائی پولر کے علاوہ یونی جنکشن ٹرانزسٹراور فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹر بھی بنائے جاتے ہیں۔ یونی جنکشن میں صرف ایک پی این جنکشن ہوتا ہے۔ اس میں دو بیس یعنی B1 اور B2 ہوتی ہیں اور ایک ایمی ٹر ہوتا ہے۔یونی جنکشن ٹرانزسٹر کو UJT بھی لکھتے ہیں۔ فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹرمخصوص نوعیت کے ٹرانزسٹرز ہیں۔ ان کی ان پٹ امپی ڈینس بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی تاروں یا ٹرمینل کو سورس(S) ڈرین(D) اور گیٹ(G) کہتے ہیں۔ فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹر کا سورس، بائی پولر ٹرانزسٹر کے ایمی ٹر کی طرح، ڈرین کلکٹر کی طرح اور گیٹ، بیس کی طرح کام کرتے ہیں۔ ان کو ایف ای ٹی(FET) بھی کہتے ہیں۔ یہ ٹرانزسٹر دیگر ٹرانزسٹرز کی نسبت زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ چنانچہ یہ بہت کم کرنٹ پر بھی بخوبی کام کر سکتے ہیں۔
فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹرز کی کئی قسمیں ہیں۔ مثلا" جنکشن فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹر۔ (JFET)، میٹل آکسائیڈ سیمی کنڈکٹر فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹر(MOSFET) ( یہ آئسولیٹڈ گیٹ فیلڈ ایفیٹ ٹرانزسٹر (IGFET)بھی کہلاتے ہیں)۔

ماخذ: جیم ڈکشنری آف سائنس، پروفیسر وہاب اختر عزیز۔ابتدائی الیکٹرونکس، امیر سیف اللہ سیف۔