ب

بائیٹ - Byte

ڈیجیٹل لفظ جس کی وسعت 8 بٹ ہوتی ہے۔کمپیوٹر کے میدان میں عام استعمال ہونے والا ڈیٹا یونٹ۔
نصف بائیٹ کو نبل NIBBLE کہا جاتا ہے جس کی وسعت چار بٹ ہوتی ہے۔
کلو بائیٹ KBYTE ایسی اصطلاح ہے جو 1024 بائیٹس کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔

برسٹ فائرنگ-Burst Firing

ایک تکنیک جو ٹرائیک اور تھائرسٹر اے سی پاور کنٹرول سرکٹس میں ، فیز کنٹرول (شکل دیکھیں) کے متبادل کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔بجائے اس کے کہ پاور ڈیوائس کو مین سپلائی کی ہر نصف سائکل کے کسی حصے پر سے ٹرگر کرایاجائے، اسے سائکلز کی پوری تعداد میں سے متعدد مقامات پر سوئچ آن کرایا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر لو پاور فراہم کرنے کے لئے ہر دس سائکلز میں سے ایک سائکل پر اور ہائی پاور کے لئے ہر دس سائکلز میں سے نو سائکلز پر سوئچ کرانا۔ٹرائیک یا تھائرسٹر کو برسٹ حالت میں فائر کرایا جاتا ہے اور اسے اے سی کے اس مقام پر ٹرگر کرایا جاتا ہے جہاں اے سی صفر سے گزر رہی ہو۔اس طریقہ کار کی خوبی یہ ہے کہ جب پاور ڈیوائس کو سوئچ کرایا جاتا ہے تو اس میں سے عملی طور پر کوئی انٹرفیرینس سگنل پیدا نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس فیز کنٹرول طریقہ کار میں ریڈیو فریکوئنسی انٹرفیرینس کی بڑی مقدار پیدا ہوتی ہے کیونکہ اس میں سوئچنگ اس وقت ہوتی ہے جب مین اے سی اپنی پوری قوت پر ہوتی ہے۔

برسٹ فائرنگ استعمال کرنے والے پاور کنٹرولر صرف ہیٹرز یا اس سے ملتے جلتے لوڈز کے لئے، جو نسبتاً کم ریسپانس ٹائم کے حامل ہوں، استعمال کئے جا سکتے ہیں۔مین سائکل کے مہیا کردہ برسٹس کو لوڈ کے ذریعے ہموار کیا جاتا ہے۔ لیمپ ڈمرز یا موٹر سپیڈ کنٹرولرز کے لئے یہ تکنیک استعمال نہیں کی جا سکتی۔

بیس بائسنگ -Base Biasing

جب ٹرانزسٹر (بائی پولر جنکشن) کو کسی الیکٹرونی دور (سرکٹ) میں جوڑا جاتا ہے تو اسے کرنٹ دینے کی ایک خاص ترتیب ہوتی ہے۔ اس ترتیب کو تکنیکی اصطلاح میں بائسنگ کہا جاتا ہے۔ جب بائس وولٹیج ٹرانزسٹر کی بیس کو، ایک رزسٹر کے راستے فراہم کئے جاتے ہیں تو اسے بیس بائسنگ کہا جاتا ہے۔

باڈ-Baud

سگنل (مواد-ڈیٹا)کی ترسیل کی رفتار کی اکائی۔ ایک سیکنڈ میں کتنےسگنل (مواد-ڈیٹا) ارسال ہوئے۔

واضح رہے کہ ضروری نہیں کہ بٹ فی سیکنڈ رفتار اور باڈ یکساں ہوں۔ اب باڈ کی جگہ زیادہ درست اکائی بٹ فی سیکنڈ استعمال کی جاتی ہے۔

یہ نام ایک فرانسیسی انجینئر جین موریس ایمائل باڈو Emile Baudot (1845-1903)کے نام پر رکھاگیا ہے۔

بیس -Base

بائی پولر جنکشن ٹرانزسٹر کے ایمیٹر اور کلکٹر کے درمیان کا علاقہ۔

بینڈ وڈتھ-Bandwidth

تعدد (فریکوئنسیز) کے  گروہ(بینڈ) کی وہ حدود جو نصف قوت کے نقاط کے درمیان واقع ہوں۔

وضاحت: الیکٹرونی مواصلات میں الیکٹرونی سگنل کسی بھی دئیے گئے واسطے میں تعدد (فریکوئنسی) کی جو حدود استعمال کرتا ہے اسے اس سگنل کی بینڈ وڈتھ کہاجاتا ہے۔ اس حوالے سے بینڈ وڈتھ، تعدد (فریکوئنسیز) کی ان حدود پر مشتمل ہوتی ہے جو سگنل کے اجزا کے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم تعدد(فریکوئنسی)  پر مشتمل ہو۔ بینڈ وڈتھ کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ ایک نشریاتی سگنل کتنی معلومات کا حامل ہے۔ صوتی (آڈیو) معلومات کا حامل سگنل کم بینڈ وڈتھ کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اس میں ترسیلی معلومات کم ہوتی ہیں جبکہ ایک بصری(ویڈیو) سگنل زیادہ بینڈ وڈتھ کا حامل ہوتا ہے کیونکہ صوتی معلومات کی نسبت بصری معلومات زیادہ وسعت کی حامل ہوتی ہیں۔ایک مثالی صوتی سگنل تقریبا" تین کلو ہرٹز 3KHz کا ہوتا ہے جبکہ اینالوگ ٹی وی براڈ کاسٹ سگنل کی بینڈ وڈتھ چھ میگا ہرٹز6MHz یعنی صوتی سگنل کی نسبت تقریبا" 200  گنا زیادہ ہوتی ہے۔

بینڈ پاس فلٹر-Band-Pass Filter

ایک ہم آہنگ دور ­ (ٹیونڈ سرکٹ  ) جسے اس طرح ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ ایک مخصوص حد کے تعدد (فریکوئنسیز) اس میں سے گزر سکیں۔ اس میں تعدد کو اس طرح متعین کیا جاتا ہے کہ بلند کٹ آف تعدد اور زیریں کٹ آف تعدد کے درمیان کے تعدد اس میں سے گزر سکیں۔ ان دونوں حدود سے باہر کے تعدد میں بہت زیادہ تخفیف (اٹےنو ایشنAttenuation ) واقع ہوتی ہے۔

بینڈاسٹاپ فلٹر-Band-Stop Filter

ایک ہم آہنگ دور ­ (ٹیونڈ سرکٹ  ) جسے اس طرح ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ ایک مخصوص حد کے تعدد (فریکوئنسیز) اس میں سے نہ گزر سکیں۔ اس میں تعدد کو اس طرح متعین کیا جاتا ہے کہ بلند کٹ آف تعدد اور زیریں کٹ آف تعدد کے درمیان کے تعدد اس میں سے نہ گزر سکیں۔ ان دونوں حدود سے باہر کے تعدداس میں سے آسانی سے گزر جاتے ہیں۔

بیٹری - Battery

ڈی سی وولٹیج فراہم کرنے والا ایک ذریعہ یا منبع جو ایک یا زائد سیلز (برقی خانے) پر مشتمل ہو۔ برقی خانہ یا سیل بیٹری کا وہ حصہ ہوتا ہے جو کیمیائی توانائی کو برقی توانائی میں تبدیل کرتا ہے۔