الیکٹرونکس ڈائجسٹ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

یہ صفحات الیکٹرونکس کے لیے وقف کیے گئے ہیں۔ تاہم چند تکنیکی دشواریوں کی بنا پر ان صفحات کو “کتاب“  کی ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس میں الیکٹرونکس سے متعلق تمام تدریسی مواد شامل ہے۔ مسلسل افادے اور قارئین کی ضروریات کے پیش نظر مندرجات میں ترمیم و اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انٹر نیٹ پر الیکٹرونکس سے متعلق لا محدود مواد دستیاب ہے لیکن بد قسمتی سے یہ انگریزی اور دوسری زبانوں میں ہے۔ اردو جاننے والے دوست جو انگریزی کو پوری طرح نہیں سمجھتے، ہمیشہ تشنگی محسوس کرتے ہیں۔ویسے بھی آپ بخوبی جانتے ہیں کہ اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرنا، کسی بھی دوسری، غیر ملکی زبان کی نسبت آسان اور کم وقت میں ممکن ہوتا ہے۔ دنیا میں کسی بھی ترقی یافتہ قوم کا جائزہ لے لیجئے، آپ اسی نتیجے پر پہنچیں گے کہ ترقی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب ذریعہ تعلیم اپنی زبان ہواور دیگر علوم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم کو بھی اپنی زبان ہی میں منتقل کر کے پڑھایا جائے۔ اس ویب سائٹ کا مقصد بھی یہی ہے کہ اپنی قومی زبان میں الیکٹرونکس سکھائی جائے اور دوسرا متعلقہ مواد پیش کیا جائے۔

اس وقت آپ کے سامنے جو کچھ بھی موجود ہے وہ صرف ابتدا ہے۔ انشاءاللہ اس ویب سائٹ میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جائے گا اور آپ کے ذوق کی تکمیل کے لئے الیکٹرونکس سے متعلقہ تمام معلومات، عملی سرکٹس، پروجیکٹس، آپ کے تکنیکی مسائل کا حل، ابتدائی تدریسی اسباق، مائیکرو کنٹرولر پروجیکٹس اور ان کے سورس کوڈ، الیکٹرونک فارمولے اور دیگر تمام معلومات پیش کی جاتی رہیں گی۔

الیکٹرونکس کے وہ شائقین جو انگریزی میں لکھی گئی تحاریر کو پوری طرح نہیں سمجھ سکتے یا انگریزی کو بالکل نہیں جانتے لیکن الیکٹرونکس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں، وہ ان صفحات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ خاص طور پر انگریزی سے نابلد اصحاب کے لئے اور عام طور پر اردو زبان کی ترویج کے لئے، جہاں تک ممکن ہو سکا ہے انگریزی سے اجتناب کیا گیا ہے تاہم وہ انگریزی اصطلاحات جو الیکٹرونکس میں عام مستعمل ہیں نیز عام فہم بھی ہیں، اردو رسم الخط میں لکھی گئی ہیں تاکہ سمجھنے میں آسانی ہو۔